اسلام آباد (روزنامہ استحکام)9 فروری کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس ہورہی ہے اور تحریک انصاف کے رہنما شرکت کے لیے مشروط آمادگی کا اظہار کررہے ہیں۔
دہشت گردی سے متعلق وزیر اعظم کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس 9 فروری کو ہوگی لیکن اس میں شرکت کے حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما متفق نظر نہیں آتے۔
پارٹی کے ترجمان فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ شہباز شریف نے میڈیا پر دہشت گردی کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس اور تحریک انصاف کو شمولیت کی دعوت دی، لیکن ابھی تک اس ضمن میں تحریک انصاف کو کوئی دعوت نامہ نہیں ملا، باقاعدہ دعوت نامہ ملا تو اس کانفرنس میں شرکت پر مشاورت کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دہشت گردی سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت ملنے کا اعتراف کیا ہے۔
اپنے باین میں اسد قیصر نے کہا کہ حکومتی نمائندوں نے فون پر اےپی سی میں شرکت کی دعوت دی، کانفرنس کی دعوت دینےکا یہ بالکل بھی مناسب طریقہ نہیں۔
اسدقیصر نے کہا کہ ملک سنگین بحرانوں کا شکار ہے، اس وقت یکجہتی کی ضرورت ہے، ہم امن کے لیے اپنے تمام اختلافات بھلانے کے لیے تیار ہیں، ضرورت اس امرکی ہےحکومت اپنےطرزعمل کوبہتر بنائے، حکومت کو سب سے پہلے اپنے رویوں میں سدھار لانا ہوگا۔