39

سابق گورنر محمد زبیر کا مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان

مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے سابق ترجمان اور سابق گورنر محمد زبیر نے ن لیگ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق ترجمان اور سابق گورنر محمد زبیر نے ن لیگ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، محمد زبیر سندھ کے گورنر اور نواز شریف کے ترجمان رہ چکے ہیں۔

محمد زبیر نے اس اعلان کے بعد اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کافی عرصے سے میں نے یہ فیصلہ کرلیا تھا، جب سے پاور پالیٹکس شروع کی ہے تو ساتھ چلنا مشکل ہوگیا تھا۔
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ میں کافی عرصے پہلے ن لیگ قیادت کو واضح کر چکا تھا، مجھے تحریک عدم اعتماد، پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی کارکردگی سمیت مختلف ایشوز پر اختلافات تھے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ابھی کسی اور پارٹی میں جانے کا فیصلہ نہیں کیا، آئندہ چند دنوں میں سیاسی مستقبل کا فیصلہ کروں گا۔

محمد زبیر نے پارٹی چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا مؤقف تبدیل ہوگیا تھا اس لئے خود کو پارٹی سے الگ کرلیا، میں نے عوام کیلئے سیاست کرنی تھی,ووٹ کو عزت دو ہمارا نعرہ تھا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ چھوڑ کر ہر قیمت میں حکومت میں آنا ہے تو پھر کیا بات چیت کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں جب پارٹی کے ساتھ تھا تو سویلین بالادستی کی بات ہوتی تھی، اب ہر قیمت پر پاور میں ہی رہنا تو ساتھ چلنا بڑا مشکل ہوجاتا ہے، متنازع الیکشن کی بنیاد پر حکومت کی جائے تو یہ صحیح طریقہ نہیں۔

سابق گورنر سندھ نے کہا کہ پارٹی میں مختلف مؤقف شدید تھے اس لئے مفاہمت اور بیچ کی راہ نہیں ہوسکتا، مفتاح اسماعیل اور دانیال عزیز سے بھی پوچھیں تو پارٹی میں داد رسی کا کوئی فورم نہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل پہلے ہی شدید اختلاف کے بعد ن لیگ چھوڑ چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں