53

مزاحیہ اداکار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 18 برس بیت گئے

لاہور(روزنامہ استحکام) لالی وڈ کے مزاحیہ اداکار محمد سعید خان عرف رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 18 برس بیت گئے، لیجنڈ اداکار نے یادگار کامیڈی کے ساتھ ساتھ سنجیدہ اداکاری میں بھی اپنا لوہا منوایا اور آواز کا جادو بھی جگایا۔

برجستہ جملے اور منفرد اداکاری رنگیلا کی پہچان تھی، ورسٹائل فنکار رنگیلا کا اصل نام محمد سعید خان تھا، محمد سعید خان المعروف رنگیلا پارا چنار کرم ایجنسی میں پیدا ہوئے تھے۔

رنگیلا نے عملی زندگی کا آغاز ایک باڈی بلڈر کے طور پر کیا جبکہ روزی کمانے کیلئے وہ فلموں کے بورڈز بھی پینٹ کرتے رہے اور بعد میں سٹیج ڈراموں میں جلوہ گر ہونے لگے۔

منفرد اور مزاحیہ اداکار رنگیلا نے فنی کیریئر کا آغاز 1958ء میں فلم ’’جٹی‘‘ سے کیا، فلم ’’الفت‘‘ میں بے مثال اداکاری کی اور اس فلم میں ان کے تکیہ کلام ’’اتفاق سے‘‘ نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

رنگیلا کو فلموں میں جو بھی کردار ملا اسے بخوبی نبھایا، بطور ہدایت کار، فلم ساز اور گلوکار بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، رنگیلا اپنا ہر انداز نرالا اور ہر انداز جداگانہ رکھتے تھے، مداحوں نے مزاح کو نئی جہت دینے پر انہیں رنگیلا کا لقب دیا۔

رنگیلا نے 400 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، رنگیلا کو پرائیڈ آف پرفارمنس اور 11 بار نگار ایوارڈ سے نوازا گیا، فلم انڈسٹری پر انمٹ نقوش چھوڑنے والے رنگیلا کا ذکر کیے بغیر پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ ہمیشہ ادھوری رہے گی، رنگیلا 24 مئی 2005ء کو لاہور میں انتقال کر گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں