50

علاقائی چیمبرز کو اعتماد میں لے کر انڈسٹریل اسٹیٹ بنائیں گے، ایس ایم تنویر

اسلام آباد(روزنامہ استحکام)اسلام آباد، راولپنڈی اور چکوال چیمبرز آف کامرس کو اعتماد میں لے کر خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائیں گے تا کہ اس علاقے میں صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے اور نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوں۔ پنجاب حکومت نے پہلے ہی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مطالبے پر خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کیلئے چار جگہوں کی نشاندہی کر دی ہے لہذا تینوں چیمبرز جلد ان میں سے ایک جگہ پر اتفاق رائے پیدا کریں تا کہ اس اہم منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب کے وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام کلر کہار میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پنجاب کے وزیر ایکسائز و مواصلات بلال افضل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع چکوال میں 10کلومیٹر بھون روڈ کو مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ کلر کہار چواہ سیدن شاہ روڈ کو بھی جلد مکمل کیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ چکوال تلہ کنگ روڈ سمیت دیگر سڑکوں کی بحالی کا کام تیز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سڑکوں کی ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے تا کہ سڑکوں کا نظام بہتر ہونے سے نہ صرف عوام کو سہولت ہو بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی بہتر فروغ ملے۔

چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر وقار بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ چکوال میں نیلہ دولہ کا مقام نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے موزوں ترین جگہ ہے کیونکہ یہ جگہ اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت خطے کے سرمایہ کاروں کو آسان رسائی فراہم کرتی ہے لہذا اس مقام پر نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے جس سے علاقے میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے علاقے کی تاجر برادری کے اہم مسائل سے بھی پنجاب کے وزراء کو آگاہ کیا اور ان کے حل کرنے میں ہرممکن تعاون کی درخواست کی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ ضلع چکوال کا قیام اس کی تاریخ کا پہلا بڑا واقع تھا اور اس کے بعد موڑو ے کی تعمیر، کلر کہار اور بل کسر انٹرچینج نے اس ضلع کی تاریخ میں ایک انقلاب برپا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چکوال چیمبر آف کامرس کا قیام اور نیلہ دولہ انٹرچینج نے چکوال میں انقلاب کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے اور ایس ایم تنویر نے نیلہ دولہ انٹرچینج پر انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی منظوری دے کر ضلع کی تاریخ میں اب ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہے۔

چکوال چیمبر کے گروپ لیڈر اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر قاضی اکبر نے کہا کہ چکوال میں شہریوں کی سہولت کیلئے ایک جمخانہ کلب تعمیر کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے پنجاب حکومت کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ یو بی جی کے قائدین عطا عامر باجوہ، ملک منظور اور راؤف مختار نے بھی تقریب سے خطاب میں۔ چکوال چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر عمر سمیع، نائب صدر احمد فاروقی، خواجہ عارف،، خرم کامران، شہزاد صادق، ملک غلام مرتضیٰ اور دیگر بھی تقریب میں موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں