17

دیہی علاقوں کی مارکیٹوں میں سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر کیا جائے۔ احسن بختاوری

اسلام آباد (روزنامہ استحکام)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک محفوظ اور پرامن ماحول کا قیام اشد ضروری ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد پولیس آئی سی سی آئی کو اعتماد میں لے کر دارالحکومت میں سیکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتربنانے پر توجہ دے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی آئی کے دورہ کے موقع پر ایس پی رورل اسلام آباد حسن جہانگیر وٹو سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

احسن بختاوری نے کہا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی مارکیٹوں اور ہاؤسنگ سوسائیٹیوں میں سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے لہذا انہوں نے کہا کہ پولیس متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور سوسائیٹیوں کے عہدیداران کے ساتھ تعاون قائم کر کے اس مقصد کیلئے اقدامات کرے تاکہ تاجر برادری اور رہائشیوں کو مزید محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس دیہی علاقوں کی مارکیٹوں اور سوسائیٹیوں میں تعینات سیکورٹی گارڈز کے کوائف جمع کر کے ان کی جانچ پڑتال کرے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ صاف ستھرا ریکارڈ رکھنے والے افراد ان علاقوں میں سیکورٹی گارڈ کے فرائض انجام دیں جس سے سیکورٹی کے حالات بھی مزید بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہری و دیہی علاقوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کرے تاکہ شہری اپنے مسائل سے پولیس کو آگاہ کر سکیں اور ان کاجلد ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس سماج دشمن عناصر کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے شہریوں اور تاجروں کے تعاون سے ایک نئی اور جامع حکمت عملی وضع کرے۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایس پی رورل حسن جہانگیر وٹو نے کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے لہذا ان کو پرامن ماحول فراہم کرنا پولیس کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دیہی علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے آئی سی سی آئی اور متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس دیہی علاقوں کی مارکیٹوں اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں تعینات سیکیورٹی گارڈز کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کی کوشش کرے گی تاکہ مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افرادکو اس پیشے سے باہر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اسلام آباد میں افغان شہریوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کرے گی اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ کسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کو بھی جلد شروع کیا جائے گا کیونکہ سکیورٹی کی صورتحال خراب ہونے کے باعث اس عمل کو معطل کیا گیا تھا۔

چیمبر کی پولیس کمیٹی کے کنوینر سیف الرحمٰن خان،چودھری محمد علی، محمد شبیر، امیر حمزہ، خالد چوہدری، ملک محسن خالد اور دیگر نے بھی اس موقع پر دیہی علاقوں میں پولیس سے متعلقہ مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے حل کیلئے ایس پی رورل کو مفید تجاویز پیش کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں