33

وفاقی حکومت نےبجٹ میں عوام کو خاطر خواہ ریلیف دینے کا پلان کرلیا

اسلام آباد(روزنامہ استحکام)وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ 24-2023ء میں عوام کو مناسب ریلیف دینے کا پلان تیار کرلیا گیا، نئے بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے بھی خوشخبری ہے۔حکومت نے مالی سال 24-2023ء میں عوام کو بڑا ریلیف دینے کا پلان تیار کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے سبسڈی براہ راست مستحقین تک پہنچانے کی ہدایت کردی۔ذرائع نے بتایا کہ بجٹ تجاویز کے مطابق غریب اور متوسط طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی دی جاسکتی ہے جبکہ سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو مہنگائی کے پیش نظر مناسب ریلیف دینے کا بھی پلان ہے۔حکومت کی جانب سے رعایتی نرخ پر چینی، آٹا اور گھی دینے کی اسکیم میں توسیع کا امکان ہے، موٹر سائیکل مالکان کیلئے سستا پیٹرول اسکیم لانے کی بھی تجویز زیر غور ہے، مجوزہ اسکیم کیلئے آئی ایم ایف کو پھر قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی، عالمی مالیاتی ادارہ بڑھتے مالی خسارے کے باعث اسکیم پر اعتراض کر چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق نوجوانوں، مزدور طبقے، کسانوں اور غریب خواتین کو بھی بجٹ میں ریلیف دینے کی تجویز ہے جبکہ یوریا کھاد پر سبسڈی براہ راست کسان کو دینے کیلئے بھی حکمت عملی پر کام جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں