اسلام آباد (روزنامہ استحکام)پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ ان کی ہدایات پر پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ منیجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی نے آئی سی سی آئی کی طرف سے انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے چار مقامات کی شناخت کر کے تجویز چیمبر کو بھیج دی ہے لہذا چیمبر ان میں سے ایک جگہ فائنل کر کے ہمیں آگاہ کرے تا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ معیشت کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کیلئے صنعتکاری کی ترقی، برآمدات کے فروغ، ترسیلات زر میں اضافے اور زراعت کی ترقی پر توجہ دینی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کرنے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے اور پروفیشنلز کی مدد سے پراڈیکٹ ڈیویلپمنٹ پر توجہ دی جا رہی ہے تا کہ برآمدات کو بہتر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے بھی مختلف اقدامات پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وہ پنجاب میں وزارت کے عہدے پر فائز ہیں بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔
پنجاب کے وزیر ایکسائز و مواصلات بلال افضل نے کہا کہ ان کی کوششوں سے کہوٹہ روڈ کی بحالی کیلئے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ 2600کلومیٹر پر مشتمل دیگر سڑکوں کو بھی بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اپنے متعلقہ چیمبرز آف کامرس کے ذریعے ایکسائز اور مواصلات سے متعلقہ مسائل ان کو بھیجے جن کو حل کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبرز کی تجاویز کو سالانہ ترقیاتی پلان میں بھی شامل کیا جائے گا۔
یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا کہ ان کا گروپ فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے نوجوان بزنس لیڈز کو آگے لائے گا تا کہ وہ ملک کی معاشی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یو بی جی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کے آئندہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ایک رابطہ کمیٹی بنا دی گئی ہے جبکہ دیگر صوبوں میں بھی اسی طرز پر تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یو بی جی کی تنظیم نو کیلئے ایس ایم تنویر، زبیر طفیل، ظفر بختاوری اور شہزاد علی ملک پر مشتمل چار رکنی کمیٹی نے شفارشات مکمل کر لی ہیں جن کو جلد کور کمیٹی اجلاس میں حتمی شکل دی جائے گی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں مطالبہ کیا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے بہتر فروغ کیلئے کم از کم 10سالہ معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں کیونکہ معیشت کی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے کامیاب بزنس لیڈرز کو وفاقی اور صوبائی کابینہ میں نمائندگی دی جائے تا کہ وہ معیشت کو بہتر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اتحاد اور اتفاق پیدا کر کے معیشت کو موجودہ بحران سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبرز آف کامرس ہر سال بجٹ تجاویز بنا کر حکومت کو بھیجتے ہیں لیکن ان پر عمل نہیں کیا جاتا لہذا ایک تھنگ ٹینک بنایا جائے جو چیمبر کی تجاویز کا جائزہ لے کر ان کو بجٹ کا حصہ بنا ئے۔ انہوں نے چیمبر کے مطالبے پر انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے چار جگہوں کی نشاندہی کرنے پر پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چیمبر جلد ہی مشاورت کر کے ان میں سے ایک جگہ کو فائنل کرے گا تا کہ اس اہم منصوبے پر جلد کام شروع کیا جا سکے۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کرنے کیلئے پاکستان کو پراڈیکٹ ڈویلپمنٹ پرخصوصی توجہ دینی ہو گی لہذا حکومت اس سلسلے میں نجی شعبے کے ساتھ تعاون کرے۔
چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویرمسائل حل کرنے کیلئے کافی سرگرم عمل ہیں لہذا تاجر برادری ان کی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔
چیمبر کے گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے بھی صنعتکاری کے فروغ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت کے تعاون سے چیمبر کا انڈسٹریل اسٹیٹ منصوبہ جلد پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ حکومت درآمدات پر ہر سال اربوں ڈالر خرچ کرتی ہے جبکہ ہمیں برآمدات کو بہتر فروغ دینے کی ضرورت ہے لہذا حکومت برآمدات کے متبادل ملک میں تیار کرنے پر خصوصی توجہ دے۔
عامر عطا باجوہ، جواد کاظمی، ملک منظور، چوہدری مختار، خالد جاوید، محمد اعجاز عباسی،ا جمل بلوچ، شاہد غفور پراچہ، راولپنڈی سمال چیمبر کے صدر طارق جدون اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور معیشت کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کیلئے مفید تجاویز دیں۔