اسلام آباد (روزنامہ استحکام) ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کو گیٹ پر ہی حاضری لگا کر واپس جانے کی ہدایت کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان حاضری کیلئے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر موجود ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری اور کارکنان کے درمیان جھڑپ بھی جاری ہے ۔
موجوہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے فاضل جج نے عمران خان کی گیٹ پر حاضری لگانے کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے نائب کو حکم دیاہے کہ عمران خان کی گیٹ پر ہی حاضری لیں ۔عدالت نے حکم دیا کہ جو حالات بن چکے ہیں سماعت ممکن نہیں ہو سکتی ، پتھراؤ ، شیلنگ کی ضرورت نہیں ہے۔
عدالت نے نائب کو حکم دیا کہ وہ گیٹ پر ہی دستخط لیں اور عمران خان کو واپس جانے کی ہدایت کریں ۔عدالت میں سماعت کا آغاز ہوا اور عمران خان جوڈیشل کمپلیکس کے گیٹ پر پہنچے تو شیلنگ کا سلسلہ شروع ہوا جس دوران آنسو گیس کے شیل کمرہ عدالت کی کھڑی کو بھی لگے جس سے دھواں اندر بھی پھیل گیا، دھویں سے بچنے کیلئے کمرہ عدالت کے دروازے اور کھڑکیاں بھی بند کر دی گئیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔۔۔۔ جوڈیشل کمپلیکس میدان جنگ بن گیا ،پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس میں شدید جھڑپیں
اسلام آباد(روزنامہ استحکام)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر حالات کشیدہ ہوگئے۔ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے شدید پتھراؤ کے بعد پولیس کیجانب سے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان آج توشہ خانہ کیس میں پیشی کیلئے اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس پہنچے ہیں۔ پیشی کے موقع پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس کے تحت جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کے علاوہ غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع کیا گیا تھا۔ تاہم اب جب عمران خان پیشی کیلئے پہنچے تو ان کے ساتھ کافی تعداد میں کارکن بھی پہنچ گئے۔ جنہیں پولیس کی جانب سے اندر جانے سے روکا گیا۔
کارکنوں کی جانب سے اندر جانے پر مزاحمت کی گئی اور پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا گیا۔ جس سے حالات کشیدہ ہوگئے اور پولیس نے کارکنوں سے نمٹنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی۔