158

سربراہ اقوام متحدہ کا پاکستان کو انتخابات کے بعد درپیش مسائل کے قانونی حل پر زور

نیو یارک(کے این این) اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے پاکستان کو انتخابات کے بعد درپیش مسائل کے قانونی حل پر زور دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستانی حکام سے رابطہ کرکے ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اس دوران اقوام متحدہ کے سربراہ نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ انتخابات کے بعد کے تمام مسائل کو طے شدہ قانونی طریقہ کار کے ذریعے حل کریں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انتونیو گوتریس نے پاکستانی حکام اور سیاسی رہنماوں سے انتخابات کے بعد ہونے والے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا، اقوام متحدہ کے سربراہ نے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنے پر زور دیا اور کہا کہ کسی بھی ایسی کارروائی سے گریز کیا جائے جو کشیدگی کا باعث ہو۔انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، تمام مسائل اور تنازعات کو طے شدہ قانونی طریقے کار کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہیں، انتخابات کے بعد کی صورتحال میں انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے لیے پاکستانی عوام کے مفاد کا مکمل احترام کیا جائے، پاکستانی حکام اور سیاسی رہنماوں سے اپیل ہے کہ وہ پرسکون ماحول کو برقرار رکھیں اور ہر قسم کے تشدد کو مسترد کریں، اس سے اجتناب کریں اور کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جو کشیدگی کو بڑھا سکیں۔اسی حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملرنے ہفتہ وارپریس بریفنگ میں کہا کہ ہم سب سے پہلے پاکستانی عوام کو انتخابات میں حصہ لینے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ان میں انتخابی کارکن، سول سوسائٹی کے ارکان، صحافی اور انتخابی مبصرین شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کے جمہوری اور انتخابی اداروں کا تحفظ کیا، ہم نے عوامی طور پر اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا، ہم نے نجی طور پر بھی ان خدشات کا اظہار کیا اور ایسا کرنے میں یورپی یونین، برطانیہ اور دیگر ممالک کا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی تشکیل کے بارے میں پاکستان مین اب بھی بات چیت چل رہی ہے لیکن ایک بات جو ہم نے انتخابات سے قبل کہی اور ہم یہ واضح کرتے رہیں گے کہ پاکستانی عوام جس کو بھی ان کی نمائندگی کرنے کا انتخاب کریں گے ہم اس حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور جہاں تک دھوکہ دہی کے دعووں کا تعلق ہے، ہم ان کی مکمل تحقیقات دیکھنا چاہتے ہیں۔میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ مداخلت اوردھوکہ دہی کے جو الزامات سامنے آ رہے ہیں پاکستان کے قانون کے تحت ان کی مکمل تحقیقات کی جائیں، آزادانہ تحقیقات کے لیے پاکستان قانونی نظام ہی پہلا مناسب قدم ہوگا، ہم سمجھتے ہیں یہ ہی وہ اقدام ہے جو کرنے چاہئیں، اگرتحقیقات کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہو تو اس پر بھی غور کیا جا سکتا ہے، ہم آنے والے دنوں میں اس عمل پر نظر رکھیں گے، ہم دنیا میں کہیں بھی اجتماع کی آزادی کا احترام کرنا چاہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں